لاہور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکمران روز جھوٹ بولتے ہیں اور جس دن نوازشریف نے سچ بول دیا ان کی سیاست بھی ختم ہوجائے گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم گندا پانی پیتے ہیں، دودھ ملاوٹ والا ملتا ہے، دوائیں بھی جعلی ملتی ہیں، نوجوان بے روزگار ہیں، بجلی و پانی کی شدید قلت ہے اور حکومت ترقی کے راگ الاپ رہی ہے، حکمران جھوٹ بولتے ہیں، جس دن نوازشریف نے سچ بولا اسی دن ان کی سیاست ختم ہوجائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں نظام عدل بھی سست ہے فیصلے اتنی تاخیر سے آتے ہیں کہ نسلیں ہی تبدیل ہوچکی ہوتی ہیں، نیوز لیکس کی رپورٹ ابھی تک منظر عام پر نہیں لائی گئی جو ملک و قوم کے ساتھ غداری ہے، نئی نسل بغاوت کی جانب بڑھ رہی ہے کیوں کہ ان کے پاس کوئی لیڈر ہی نہیں رہا جس پر یقین کیا جاسکے۔








