نکاراگوا میں حکومت مخالف پرتشدد مظاہروں اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران اب تک 30 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وسطی لاطینی امریکی ملک نکاراگوا میں بدھ کے روز سے پینشن اصلاحات کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔
ان مظاہروں کے دوران پرتشدد واقعات کے نتیجے میں اب تک 30 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے، جبکہ مظاہروں کی آڑ میں مختلف علاقوں میں لوٹ مار کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
نکاراگوا میں سینٹر فار ہیومن رائٹس کااس حوالے سے کہنا ہے کہ مظاہروں کے پرتشدد ہونے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی درست تعداد کا اندازہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
نکاراگوا میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران لائیو رپورٹنگ کرتے ہوئے ایک صحافی بھی گولی کا شکار ہو کر ہلاک ہوچکا ہے۔
ایک مقامی اخبار کے مطابق صرف مظاہرین کے خلاف لڑنے والے چند گروپ اور پولیس ہی کے پاس ہتھیار موجود تھے۔
مظاہرے حکومت کی جانب سے ملازمین کی کم پنشن اور زیادہ ٹیکسوں کے نفاذ کے منصوبے کے خلاف کیے جا رہے ہیں۔