کیلیفورنیا: عام حالت میں اگر کسی کو گدگدی کی جائے تو اس کا ہنسنا معمول کی بات ہے لیکن سان ڈیاگو میں ایک خاتون ایسی ہیں جو کسی دوسرے کو گدگدی کرتا دیکھ کر دیوانہ وار ہنسنے لگتی ہیں اور بسا اوقات وہ خود قابو سے بھی باہر ہوجاتی ہے۔
اس خاتون پر یونیورسٹی آف کیلی فورنیا سان ڈیاگو کے ماہرین تحقیق کررہے ہیں جو اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ ہے۔ اس خاتون کا نام کئی وجوہ کی بنا پر صرف ٹی سی بتایا جارہا ہے اور جب جب یہ کسی دوسرے شخص کو اپنے آپ کا یا کسی اور کو گدگدی کرتے دیکتھی ہیں تو ان کی جلد میں سنسنی پیدا ہوتی ہے اور وہ ہنسنے لگتی ہیں۔
اس کیفیت کے بعد خاتون نے ماہرین سے رابطہ کیا اور کئی ٹیسٹ کے بعد معلوم ہوا کہ وہ ایک خاص قسم کی کیفیت ’مِرر ٹچ سنیستھیسیا کی شکار ہیں۔ ان کے دماغ کے بعض نیورون عکسی (مرر) اثر کے تحت عین اسی طرح کا برتاؤ کرتے ہیں جب وہ کوئی منظر دیکھتے ہیں۔
یونیورسٹی آف سان ڈیاگو کے سائنس دانوں نے خواتین کو کئی اہم ٹیسٹ سے گزارا جن میں انہیں لطیفوں کی ویڈیو دکھائی گئی، کسی نے ان کے سامنے ٹھنڈے پانی میں ہاتھ ڈالا، یا کسی نے دوسرے کو گدگدایا وغیرہ۔ معلوم ہوا کہ خاتون بظاہر نارمل ہیں لیکن ان کے دماغ کے نیورون کسی گدگدی کی صورت میں عین اسی طرح برتاؤ کرتے ہیں کہ کوئی انہیں گدگدی کررہا ہے۔
اس خاتون نے بتایا کہ اگر کوئی ان کے سامنے مخمل، نرم برش یا ریشم پر ہاتھ پھیرے تو وہ خود عین اس کیفیت کو محسوس کرتی ہیں اسی طرح اگر کوئی برفیلے پانی میں ہاتھ ڈالے تو وہ اپنے ہاتھوں پر نمی تو محسوس کرتی ہیں لیکن انہیں ٹھنڈک کا کوئی احساس نہیں ہوتا۔
دماغی ماہرین کے مطابق یہ ایک نایاب کیفیت ہے اور دنیا میں ڈیڑھ سے ڈھائی فیصد افراد ہی اس کے شکار ہوتے ہیں۔