اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر دانیال عزیز کی جانب سے عمران خان اور جہانگیر ترین کو چور کہنے پر تحریک انصاف کے ارکان نے نعرے بازی شروع کردی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران نکتہ اعتراض پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ ایک نجی ٹی چینل کے ٹاک شو میں مجھے تحریک انصاف کے رہنما نے تھپڑ مارا، اس واقعے کی نہ ہی معافی مانگی گئی اور ناہی کوئی بیان جاری کیا گیا، بلکہ مجھے تھپڑ مار کر مجھ پر ہی الزام لگایا جارہا ہے۔
دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ میں نے چور کا لفظ صحیح استعمال کیا، عمران خان اور جہانگیر ترین دونوں ٹیکس چور ہیں جب کہ ہم اپنا ٹیکس پورا ادا کرتے ہیں اور جو ٹیکس چور ہیں ان کو چور ہیں کہیں گے، مجھے بتایا جائے کہ جہانگیر ترین اور عمران خان نے چوری نہیں کی؟
دانیال عزیز کے اظہار خیال کے دوران عمران خان بھی ایوان میں موجود تھے، اس موقع پر عمران خان تو خاموش رہے لیکن تحریک انصاف کے دیگر اراکین نے شدید نعرے بازی بھی کی اور عمران خان کو چور کہنے پر ہنگامہ بھی ہوا تاہم اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے دانیال عزیز کا مائیک بند کروادیا اور کہا کہ ہم اس وقت درست سمت کی جانب جارہے ہیں اس وقت ایوان میں ایسی کوئی بات نہیں ہونی چاہیے جس سے کسی کی دل آزاری ہو۔