لاہور: ضلع کچہری میں پیشی پر آئے ملزم کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے فائرنگ کرنے والے کو موقع واردات سے گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ قتل کے مقدمے میں ملوث ملزم اسلم عرف اچھو کو پیشی کیلئے جیل سے ضلع کچہری لایا گیا تو ملزم قاسم رضا نے اس پر فائرنگ کردی۔
پولیس نے ملزم اسلم عرف اچھو کی نعش کو ہتھکڑی سمیت گاڑی میں ڈال کر مردہ خانے منتقل کر دیا۔ آئی جی پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے سی سی پی او لاہور امین وینس سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسلم عرف اچھوکی دیرینہ دشمنیاں تھیں۔ دو ماہ قبل ایم این اے افضل کھوکھر کے بھتیجے عمران شفیع کے قتل میں بھی اسلم عرف اچھو ملزم تھا جسے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان کے سرحدی علاقے سے گرفتار کیا تھا جس کے بعد اس کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا اور اس کیخلاف کیس کی سماعت جاری تھی۔ پولیس نے ملزم قاسم رضا کیخلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ضلع کچہری میں سرعام فائرنگ کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔ سائلین، وکلا و دیگر لوگ ادھر ادھر بھاگنے لگے اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ ضلع کچہری میں ناجائز اسلحہ کے الزام میں گرفتار ملزم اسلم عرف اچھا اور اس کا ساتھی پیشی بھگت کر جوڈیشل مجسٹریٹ عاطف خان کی عدالت سے باہر نکلا ہی تھا کہ گھات میں بیٹھے قاسم رضا نے اس پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کی آواز سنتے ہی عدالتی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور ملزم کو گرفتار کر لیا، فرانزک ٹیموں نے موقع سے خون کے نمونے حاصل کئے جبکہ تفتیشی ٹیموں نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ وکلا اور سائلین کا کہنا ہے کہ کچہری میں فائرنگ سے عدالتوں کی ناقص سکیورٹی کا پول کھل گیا ہے، ضلع کچہری میں اسلحہ کیسے پہنچا، عدالتی اور پولیس عملے کی کارکردگی پر پھر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ دوسری جانب واقعہ کیخلاف لاہور سمیت صوبہ بھر میں وکلاء برادری نے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور بار کے صدر ملک ارشد نے کہا ہے کہ لاہور بار آج بھرپور ہڑتال کرے گی اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ ضلع کچہری میں فائرنگ کے واقعہ میں پیشی پر لائے جانے والے ملزم کی فائرنگ سے ہونے والی ہلاکت کی وجہ سے عدالتوں کی سکیورٹی پر ایک دفعہ پھر وکلا نے احتجاج کیا ہے۔ لاہور کی سیشن کورٹس، ایوان عدل، ماڈل ٹائون، کینٹ کچہری، ڈرگ کورٹس، سپیشل کورٹس و دیگر عدالتوں میں ہڑتال رہے گی جس سے زیر سماعت ہزاروں مقدمات میں نئی تاریخیں دے دی جائیں گی۔