اسلام آباد: قومی اسمبلی نے پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول کےلئے پارلیمانی ٹاسک فورس کے قیام سے متعلق اسپیکر اور ارکان پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرنے کی قرارداد کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس ہوا، اجلاس کے آغاز پر اطلاعات و نشریات کی وزیر مریم اور نگزیب نے پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول کےلئے پارلیمانی ٹاسک فورس کے قیام سے متعلق اسپیکر اور ارکان پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرنے کی قرارداد پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظورکرلیا گیا جبکہ ملک بابر کی طرف سے پیش کی گئی ایک اور قرار داد میں ایوان نے مطالبہ کیا کہ پندرہ رمضان المبارک کو یتیموں کےقومی دن کے طور پر منایا جائے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ فیض آباد دھرنے کی وجہ سے قومی اسمبلی کی طرف سے پاس کیے جانے والا بل تھا جس پر سیاسی جماعتوں نے پوائنٹ اسکورنگ کی اور اپنے ووٹ بڑھنے کے لیے اس کو استعمال کیا کافر، کافر ،توہین رسالت اور غداری کے سرٹیفکیٹ دینے شروع کر دیئے اور اس پر مسلم لیگ (ن) کو نشانہ بنایا گیااور سارا ملبہ حکومت پر ڈال دیا گیا۔اس ساری مہم کا نقصان پاکستان کو ہوا۔