الیکشن میں کسی قسم کی تاخیر قابل قبول نہیں: وزیراعظم نے واضح کردیا
اسلام آباد: (اصغر علی مبارک) وزیراعظم کا کہنا ہے الیکشن میں کسی قسم کی تاخیر قابل قبول نہیں، 5 سالہ جمہوری سفر میں فل اسٹاپ لگانے کی کوشش کی گئی، مگر خطرات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، بجلی بحران پر قابو پالیا۔ قومی اسمبلی کے الوداعی اجلاس سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا پاکستان میں امن و امان کی صورتحال 2013 سے بہت بہتر ہے، کراچی میں امن قائم کیا گیا، صوبائی حکومت اور دیگر سیاسی جماعتیں بھی اس میں شامل تھیں، ہماری افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوئی۔ انہوں نے کہا آج کے حالات 5 سال کے حالات سے بہت بہتر ہیں، جو معیشت دے کر جائیں گے وہ اس معیشت سے بہت بہتر ہو گی جو ہمیں ملی، ملک کو درپیش خطرات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا فخر ہے پاکستان کی تاریخ میں ٹیکس ریفارمز لائے، چیلنجز کے باوجود 6 فیصد گروتھ بڑی کامیابی ہے، پاکستان پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا توانائی منصوبوں سے پاکستان میں اگلے 15 سالوں میں بھی بجلی کی کمی نہیں ہو گی، پاکستان میں جس کو بھی چاہیے اس کے لیے گیس موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا اس وقت سب سے بڑا چیلنج پانی ہے، اس کا حل ڈیم بنانے میں ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا سی پیک کا منصوبہ حقیقت ہے، جس پر تیزی سے کام جاری ہے، ملک میں 1700 کلو میٹر موٹرویز جبکہ 2000 کلو میٹر طویل ہائی ویز مکمل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا ہم نے ہر فورم پر کشمیر کے مسئلے کو اٹھایا، کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو دنیا کے سامنے رکھا، افغانستان میں مسئلے کا حل جنگ نہیں ہے۔