ریاض: پاکستانی نوجوان اور اُس کے ساتھی نے سمندر کی تہہ میں افطار کر کے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا، انٹرنیٹ پر ویڈیو دیکھنے والے صارفین حیران رہ گئے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں مقیم پاکستانی نوجوان یحییٰ اور اُس کے ساتھی سعودی عرب اور پاکستان کا جھنڈا ہاتھ میں تھامے سمندر کی گہرائی میں گئے اور انہوں نے اذان کے بعد روزہ افطار کیا۔
فیس بک پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اذانِ مغرب سے چند منٹ قبل دونوں تیراک آکسیجن ماسک اور سوئمنگ کاسٹریوم پہن کر سمندر کی تہہ میں گئے۔
ایک نوجوان نے اذان دی جس کے بعد پھر انہوں نے کھجور کھا کر روزہ افطار کیا اور پھر دیگر پھل بھی کھائے، افطاری کے بعد دونوں نے نماز ادا کی اور پھر دعا بھی کی۔ اس دوران دوسرا نوجوان سعودی عرب اور پاکستان کا جھنڈا سمندر کی تہہ میں لہراتا رہا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستانی خاتون تیراک نے قائد اعظم کو یومِ ولادت کے موقع پر انہیں انوکھے انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سمندر کی گہرائی میں پاکستان کا جھنڈا لہرا تھا۔
عظمیٰ طاہر نے یوم ولادت کی مناسبت سے قائد اعظم محمد علی جناح کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دنیا کو حیران کردیا۔ جدہ میں مقیم پاکستانی خاتون عظمیٰ طاہر اپنے دو ساتھیوں سمیت سمندر (بحیرہ احمر) کی 50 فٹ گہرائی میں اتریں اور انہوں نے پاکستان کا پرچم لہرایا تھا۔