واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے سے ملیں گے، شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے سنگاپور میں ہونے والی ملاقات سے متعلق تبادلہ خیال ہوگا۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یہ حتمی فیصلہ کیا گیا ہے وہ سنگاپور میں 12 جون کو شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے ملاقات کریں گے اسی سے متعلق جاپانی وزیر اعظم سے گفتگو ہوگی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے آج امریکا کے دار الحکومت واشنگٹن میں امریکی صدر سے ملیں گے، اس دوران دنوں رہنماؤں کی جانب سے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر کی 12 جون کو ہونے والی تاریخی ملاقات سے قبل شنزو آبے شمالی کوریا پر قیام امن کے حوالے سے ٹرمپ کو اپنے خیالات سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں، اس ملاقات کے بعد جاپانی وزیر اعظم اور صدر ٹرمپ کینیڈا روانہ ہو جائیں گے، جہاں جی سیون گروپ کی سمٹ منعقد کی جا رہی ہے۔خیال رہے کہ رواں سال 30 مئی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا اس دوران دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا تھا کہ شمالی کوریا کا جوہری ہتھیار سے دست بردار ہونا اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو ختم کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ ماہ امریکی ریاست فلوریڈا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی تھی اس دوران دنوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہا کہ شمالی کوریا پر جوہری پروگرام کے خاتمے کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ دباؤ کو قائم رکھا جائے گا۔