پیرس (خصوصی رپورٹر) پیرس کے معروف ثناخواں حافظ معظم گزشتہ شب قاتلانہ حملے میں زخمی ہوئے۔ آج طبی امداد کے بعد انہیں ہسپتال سے سماجی راہنما محمد افراسیاب کے گھر لے جایا گیا ۔ جہاں سفارتخانہ پاکستان کے پریس قونصلر قمر بشیر، صدر پی پی فرانس چوہدری محمد رزاق ڈھل، سینئر پی پی راہنما مرزا عتیق، بنارث اعوان، سینئر پی پی راہنما قاری فاروق احمد فاروقی نے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
حافظ محمد معظم نے پریس قونصلر جناب قمر بشیر کو واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت کے خاص کرم اور حبیب خداﷺ کی ثنا گوئی کے صدقے ان کو نئی زندگی ملی ہے جس کیلئے وہ مالک کائنات کے حضور شکرگزار ہیں۔پریس قونصلر قمر بشیر نے پاکستانی کمیونٹی کے جانی ومالی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کوششوں پر زور دیا اور کہا کہ ایسے واقعات بدقسمتی ہیں ۔ کیونکہ حافظ محمد معظم اور صاجزادہ عتیق جیسےلوگ پاکستان کا بہترین چہرہ ہیں ان پر قاتلانہ حملہ انتہائی مذموم ہے
۔یاد رہے کہ گزشتہ شب چند نامعلوم افراد نے حافظ معظم اور صاحبزادہ عتیق الرحمن پر حملہ کرکے ان کو شدید زخمی کردیا تھا۔حملہ کے بعد حافظ صاحب کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔جہاں ڈاکٹروں کی سخت نگداہشت اور طبی معائنہ کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔حافظ معظم کے محمد افراسیاب کی رہائش گاہ پر پہنچتے ہی حافظ صاحب کی عیادت کے لیے پہنچنے والوں کا تانتا بند گیا۔سب لوگوں نے حافظ معظم پر حملے کی شدید مذمت کی اور حافظ صاحب کی لمبی زندگی اور صحت و تندرستی کے لیے دعا کی۔