کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا۔ خورشید شاہ کا کہنا ہے روپے کی قدر میں شدید کمی سے سابقہ حکومت کی مصنوعی معاشی ترقی کے دعووں کی قلعی کھل گئی۔سید خورشید نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا ہوگا، نگران حکومت عوام سے جینے کا حق نہ چھینے، گزشتہ حکومت کی ناکام گورننس کا بدلہ عوام سے نہ لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانے کی بجائے عوام کو سزا دینے پر یقین رکھتی تھی، اب نگران حکومت کو اس ڈگر پر نہیں چلنا چاہئے، پاکستان پیپلز پارٹی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتی ہے۔خورشید شاہ نے مزید کہا کہ عید سے قبل مہنگائی کا یہ طوفان عوام کیلئے ناقابل برداشت ہے، نگران حکومت پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لے۔