سکھر: سکھر میں ورکرز کنونشن میں جیالوں کی بے صبری، کھانے پر ٹوٹ پڑے، رزق زمین پر بکھرتا رہا۔ روہڑی میں پیپلزپارٹی کی جانب سے ورکرز کنونشن اورعید ملن پارٹی میں جیالے اس وقت بے صبرے ہوگئے جب خورشید شاہ نے اپنی تقریر کے آخری الفاظ ادا کیے۔ کھانا دیکھ کر جیالوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اور وہ کھانے پر ایسے ٹوٹ پڑے جیسے کوئی فوج دشمن کی فوج کو شکست دینے کے بعد ان کے ساز و سامان پر ٹوٹ پڑتی ہے۔ جیالوں کی اس بے صبری کے دوران کسی کے حصے میں بوٹیاں آئیں کسی نے سالن پر ہاتھ صاف کیے تو کسی کو صرف روکھے چاول ہی مل سکے جبکہ کئی کو تو ایک نوالہ بھی نصیب نہیں ہوا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنماء اپنے کارکنوں کو حسرت بھری نظروں سے دیکھتے رہے اور روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والی جماعت کے کارکنوں کی جانب سے رزق کی بے حرمتی کی جاتی رہی۔