اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں صحافی شجاعت بخاری کے قتل کی تحقیقات کرے، بھارتی افواج نے ایک ہفتے میں 16 کشمیریوں کو شہید کیا، عید کے دنوں میں بھی کشمیریوں پر مظالم جاری رہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ اچھے اور بُرے طالبان میں کوئی تفریق نہیں کرتے، ملا فضل اللہ کے افغانستان میں مارے جانے کی تصدیق کرتے ہیں، اے پی ایس طلبا سمیت متعدد پاکستانیوں کے قتل کا ذمہ دار تھا، ملا فضل اللہ کی ہلاکت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے کہا 13جون کو قائم مقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا، ڈپٹی ہائی کمشنرکو ایل او سی کی خلاف ورزی پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ڈاکٹر فیصل نے مزید کہا کہ افغانستان میں مفاہمت اور امن اقدامات کی حمایت کرتے ہیں، افغان قیادت کو طےکرنا ہے وہ کس عمل کے تحت قیام امن چاہتے ہیں، پاکستان نے عید پر جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا ایف اے ٹی ایف پر امریکا سمیت تمام فریقین سے رابطے میں ہیں، ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے وزارت خزانہ اقدامات کر رہی ہے۔