سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 5 نوجوانوں کو شہید جب کہ درجنوں کو زخمی کردیا ہے۔
ضلع اسلام آباد کے علاقے سری گفوارا میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن اور گھرگھر تلاشی کے نام پر ایک مکان پر فائرنگ کردی جس کے باعث مالک مکان یوسف اور ان کی اہلیہ حفیظہ بیگم شدید زخمی ہوگئے، دونوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں محمد یوسف دم توڑ گئے جب کہ حفیظہ بیگم کو سری نگر منتقل کردیا گیا۔
اسلام آباد میں ہی فائرنگ کے ایک واقعے میں کٹھ پتلی پولیس کا ایک اہلکار ہلاک جب کہ دو زخمی ہوگئے جس کے بعد بھارتی فوج نے ایک اور مکان کو تباہ اور 4 دیگر نوجوانوں کو شہید کردیا۔
علاقے میں قابض بھارتی فوج اور دیگر اداروں کی جانب سے جاری سرچ آپریشن کے نام پر بڑے پیمانے پر چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی اور نوجوانوں کی شہادت کے خلاف مظاہرین سڑکوں پر آگئے۔ قابض فوجی اہلکاروں نے نہتے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر آنسو گیس کے شیل، ربڑ کی گولیاں اور چھرے برسائے جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب کٹھ پتلی انتظامیہ نے سری گفوارا کی کشیدہ صورت حال سے متعلق خبریں وادی کے دیگر علاقوں میں پہنچنے سے روکنے کے لیے موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس بھی معطل کردی ہے۔