آسٹریلوی کھلاڑی گلین میکس ویل نے سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میچ کے بعد پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے جان بوجھ کر ہاتھ نہ ملانے پر شرمندگی کا اظہار کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں گلین میکس ویل کا کہنا تھا کہ ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے فائنل میچ کے بعد سرفراز احمد سے ہاتھ نہ ملانا اسپورٹس مین شپ نہیں تھی۔
Glenn Maxwell's gesture pic.twitter.com/sxdMnhVb3g
— Abdullah W Rajput (@AWRajput) July 9, 2018
اپنے پیغام میں پشیمانی کا اظہار کرتے ہوئے گلین میکس ویل نے اپنی غلطی کا اعتراف بھی کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ وہ ہوٹل میں سرفراز احمد کو ڈھونڈ رہے ہیں اور ان سے ہاتھ ملا کر انہیں اور ان کی ٹیم کو جیت کی مبارکباد دینا چاہتے ہیں۔ گلین میکس ویل نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان کو سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کی مبارکباد دی اور کہا کہ فخر زمان اور شعیب ملک کو روکنا تقریباً ناممکن تھا۔
— Glenn Maxwell (@Gmaxi_32) July 9, 2018
خیال رہے کہ 9 جولائی کو ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔ میڈیا فوٹیج کے مطابق میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی جب ایک دوسرے سے مصافحہ کر رہے تھے اس وقت آسٹریلیا کے گلین میکس ویل نے جان بوجھ کر سرفراز احمد سے ہاتھ نہیں ملایا۔ گلین میکس ویل کے اس رویے کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، اور اسے اسپورٹس مین شپ کے منافی قرار دیا۔