اسلام آباد ; سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل میں قید تین روز گزر گئے۔ جیل ذرائع کے مطابق سابق وزیرا عظم نواز شریف نے رات بے چینی میں گزاری جس کی وجہ سے ان کی نیند پوری نہیں ہو سکی، نواز شریف
کو اڈیالہ جیل میں بی کیٹگری کے تحت تمام تر سہولیات میسر ہیں، صبح ناشتے کے بعد نواز شریف کو اڈیالہ جیل کے بارے میں مختلف معلومات فراہم کی گئیں۔جیل حکام نے نواز شریف کو روٹی پلانٹ اور کچن کا دورہ کروایا اور ان کے داماد کیپٹن (ر) صفدر سے ملاقات بھی کروائی۔ جیل ذرائع نے بتایا کہ مریم نواز نے آج علی الصبح خواتین بیرک میں دیگر خواتین اوران کے بچوں سے ملاقات کی۔ جیل میں موجود ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں مشقت کے لیے تاحال کوئی کام نہیں سونپا گیا۔ممکنہ طور پر نواز شریف اور مریم نواز کی مشقت کے حوالے سے آج فیصلہ کر لیا جائےگا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں بی کیٹگری میں رکھا گیا ہے جبکہ مریم نواز کو بیرک میں رکھا گیا ہے۔ مریم نواز کو جیل سپرٹنڈنٹ نے جیل قوانین کے مطابق بہتر کلاس میں منتقل کرنے اور زیادہ سہولیات دینے کی پیشکش کی جس سے انہوں نے صاف انکار کردیا تھا۔ مریم نوازنے کہا کہ بہتر کلاس اور سہولیات لینے سے میں نے خود انکار کیا ہے ، یہ میرا ذاتی فیصلہ ہے اور میں نے یہ فیصلہ کسی کے دباؤ میں آئے بغیر کیا ہے۔
نواز شریف نے جیل میں سہولیات نہ ہونے اور باتھ روم صاف نہ ہونے کا شکوہ کیا تھا، جس کے بعد شہباز شریف نے نواز شریف کو جیل میں بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ حکام کو خط بھی لکھا۔ خیال رہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو 13 جولائی کو لاہور ائیر پورٹ پر لینڈ کرتے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا، نواز شریف اورمریم نواز کو گرفتار کر کے انہیں اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا جہاں وہ 3 روز سے موجود ہیں۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جیل اور قید میرا اور عوام کا رشتہ نہیں توڑ سکتی۔سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اڈیالہ جیل سے قوم کے نام اپنے آڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ہم وطنو سے دور رکھنے کے لیے مجھے قید میں ڈال دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میری اور پوری قوم کی بیٹی قید میں ہے لیکن یہ نہیں جانتے کہ جیل اور قید میرا اور آپ کا رشتہ ختم نہیں کر سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نا آمر یہ رشتہ توڑ سکا نا آج ڈوریں ہلانے والے یہ رشتہ توڑ سکیں گے۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کا جھنڈا اٹھا کر نکلا ہوں اور ہمیں 70 سال سے جاری اس کھیل سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔انہوں نے عوام سے کہا کہ 25 جولائی کو عظیم الشان فتح کا یادگار دن منانے کے لیے میدان میں نکلیں۔مسلم لیگ ن کے قائد نے عوام سے اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی صحتیابی کے لیے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اہلیہ کو تشویش ناک حالت میں اللہ کے سپرد کر کے آیا ہوں۔خیال رہے کہ 6 جولائی کو احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں بالترتیب 11، 8 اور ایک سال کی سزا سنائی تھی۔نواز شریف اور مریم نواز 13 جولائی کو لندن سے وطن واپس آئے تھے جس کے بعد انہیں نیب حکام نے گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا تھا۔