استنبول: استنبول کے ایک ریستوران میں صارفین کی دلچسپی کےلیے شیشے کے پنجرے میں شیر کو رکھا گیا ہے جب کہ یہاں مگر مچھ کے علاوہ دیگر جانور بھی موجود ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق استنبول کے ضلع بیکوز میں ایک ایسا انوکھا ریسٹورینٹ بھی ہے جس کے مالک کو پکوان کے علاوہ جنگلی جانور پالنے کا بھی شوق ہے اور اپنے اسی شوق کو اس نے ’میو زو‘ نامی ریسٹورینٹ قائم کر کے پورا کیا۔ اپنی نوعیت کے اس منفرد ریسٹورینٹ میں مزیدار کھانوں کے ساتھ ایک منی زو بھی ہے جہاں شیشے کے پنجرے میں بند ایک شیر، گاہکوں کے سامنے گھومتا پھرتا رہتا ہے۔
اس ریسٹورینٹ میں شیر کے علاوہ خوبصورت پرندے، مگر مچھ اور گھوڑے بھی موجود ہیں لیکن کھانے کی میزوں کے بیچوں بیچ موجود شیشے کے پنجرے میں آزادی سے گھومتا ہوا شیر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کو، جس میں شیر ایک بچی کے پیچھے پیچھے گھوم رہا ہے، شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔