اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے بعد کسی بھی سیاسی جماعت کو اکثریت نہیں ملے گی۔
تحریک انصاف قومی اسمبلی میں زیادہ نشستیں لے گی تاہم وہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہوگی اور آزاد امیدواروں کی منڈی لگے گی۔ ملک کو درپیش خطرات اور اقتصادی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ موجودہ درپیش مسائل سے کوئی بھی سیاسی جماعت اکیلے نمٹنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے کیا۔ انہو ں نے کہا کہ جیپ کے نشان کا کسی ادارے کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کا مشکل ترین الیکشن ہے اور انتخابات میں کامیابی کے بعد حکومت بنانے والی پارٹی کو مشکل ترین اقتصادی صورتحال کا سامنا ہو گا۔