لاہور: پی سی بی اینٹی کرپشن ٹربیونل نے سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث شاہزیب حسن کی جرمانہ ختم کرنے کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ان پر مزید تین سال کی پابندی عائد کردی۔
پی سی بی اینٹی کرپشن ٹربیونل نے شاہزیب حسن کی سزا کے خلاف اپیل پر فیصلہ سنادیا ۔ کرکٹر شاہزیب حسن کی 10 لاکھ روپے جرمانہ کم کرنے کی اپیل مسترد کردی گئی جبکہ پی سی بی کی درخواست پر کرکٹر کی سزا ایک سے چار سال کردی گئی ہے۔ شاہزیب حسن ایک سال کی سزا پہلے ہی بھگت چکے ہیں اب وہ مزید تین سال کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن ٹربیونل نے شاہ زیب حسن پر ایک سال کی پابندی جبکہ دس لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی جس پر شاہ زیب حسن کی جانب سے جرمانہ میں کمی کی اپیل کی گئی تھی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر کی جانب سے سزا کی تین شقوں پر ایک ایک سال کی تین سال تک سزا بڑھانے اور جرمانہ کی سزا کو برقرار رکھنے کی اپیل کی گئی تھی۔ گزشتہ ہفتے کیس کی سماعت مکمل ہو گئی تھی جس پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا تھا۔