اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے نواز شریف کو بکتر بند گاڑی میں احتساب عدالت لانے پر سخت غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی خدمت کرنے والے سابق وزیرِاعظم کو اس طرح ذلیل نہ کیا جائے۔
اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے بجلی کے اندھیرے ختم کیے اور ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔ ان کو جس طرح بکتر بند گاڑی میں لایا گیا، قوم کے دل دکھی ہیں۔ تین مرتبہ منتخب ہونے والے وزیرِاعظم کی خدمات کو سامنے رکھتے ہوئے سلوک کیا جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا، نگران حکومت کو نواز شریف کیساتھ ایسا سلوک نہیں کرنا چاہیے۔ مجھے امید ہے آج کے بعد ان کیساتھ ایسا سلوک نہیں روا رکھا جائے گا۔
ن لیگ کے صدر نے کہا کہ انتخابات 2018ء پاکستانی تاریخ کے سب سے متنازع الیکشن تھے جسے ہم نے پچیس جولائی کی رات ہی مسترد کر دیا تھا۔ تاہم ہم نے ایوان کے اندر اور باہر اپنا بھرپور رول ادا کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہم بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے اور الیکشن میں دھاندلی کا پورا کھوج لگائیں گے، پارلیمانی کمیشن ہمارا بھرپور مطالبہ ہو گا۔