پشاور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عمران خان کی چھوڑی گئی این اے 35 بنوں کی نشست سے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ایک بار پھر پارلیمانی سیاست میں لانے کی تیاری کی جارہی ہے۔
وہ نامزد وزیراعظم عمران خان کی بنوں سے چھوڑی گئی قومی اسمبلی کی نشست این اے 35 سے ضمنی الیکشن لڑیں گے تاہم اس کا حتمی فیصلہ ایم ایم اے کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ این اے 35 سے عمران خان نے سابق وفاقی وزیر اکرم خان درانی کو شکست دی تھی۔ اس حوالے سے اکرم خان درانی نے اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کا پارلیمانی سیاست میں اہم کردار رہا ہے اور ان کی اسمبلی میں موجودگی ضروری ہے اگر میں این اے کی سیٹ جیت بھی جاتا تو ان کے لیے سیٹ چھوڑ دیتا۔ اس لئے مولانا فضل الرحمان کو این اے 35 کی نشست لانے کا فیصلہ کیا جارہا ہے۔ جبکہ دوسری جانب ایک اور خبر کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قاسم سوری کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدے کے لیے نامزد کردیا۔ بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قاسم سوری نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کرنے پر عمران خان کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بلوچستان کے لوگوں کی محرومیاں دور کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہم وہاں کے عوام کی محرومیاں دور کریں گے اور صوبے کو قومی دھارے میں لائیں گے۔قاسم سوری کا کہنا تھاکہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے عمران خان اور ہماری ٹیم فوکسڈ ہے۔ واضح رہے کہ عام انتخابات میں قاسم سوری بلوچستان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 کوئٹہ ٹو سے کامیاب ہوئے ہیں اور انہوں نے 25 ہزار 973 ووٹ لے کر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے بھائی لشکری رئیسانی، پشتونخوا میپ کے سربراہ محمود اچکزئی، متحدہ مجلس عمل کے حافظ حمد اللہ اور راحیلہ حمید درانی کو شکست دی۔یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے اسد قیصر کو نامزد کیا ہے، وہ گزشتہ دور حکومت میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر تھے۔