اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سمیت نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا ہے تاہم اس دوران عمران خان سب کی نگاہوں کا مرکز رہے اور جب وہ قومی اسمبلی کی رکنیت کے رجسٹر پر دستخط کرنے لگے تو ایسا کام ہو گیا کہ ہر پاکستانی خوش ہو گیا۔عمران خان حلف اٹھانے کے بعد قومی اسمبلی کی رکنیت کے رجسٹر پر دستخط کرنے گئے تو اپنے دوست اور موجودہ سردار ایاز صادق کیساتھ گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ عمران خان نے رجسٹر پر دستخط کے بعد ایاز صادق کی جانب دیکھا تو وہ اپنی نشست سے کھڑے ہو گئے اور دونوں نے گرمجوشی سے ہاتھ ملایا اور اس دوران مسکراہٹوں اور چند جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔دونوں کے درمیان مصافحہ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو گئی ہے اور دیکھنے والے بے اختیار کہنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ یہ جمہوریت کا حسن ہے جہاں ایک دوسرے کے مخالف بھی دوست ہوتے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب ایک اور خبر کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قاسم سوری کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدے کے لیے نامزد کردیا۔بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قاسم سوری نے کہاکہ ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کرنے پر عمران خان کا شکرگزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان بلوچستان کے لوگوں کی محرومیاں دور کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہم وہاں کے عوام کی محرومیاں دور کریں گے اور صوبے کو قومی دھارے میں لائیں گے۔ قاسم سوری کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے عمران خان اور ہماری ٹیم فوکسڈ ہے۔واضح رہےکہ عام انتخابات میں قاسم سوری بلوچستان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 کوئٹہ ٹو سے کامیاب ہوئے ہیں اور انہوں نے 25 ہزار 973 ووٹ لے کر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے بھائی لشکری رئیسانی، پشتونخوا میپ کے سربراہ محمود اچکزئی، متحدہ مجلس عمل کے حافظ حمد اللہ اور راحیلہ حمید درانی کو شکست دی۔یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے اسد قیصر کو نامزد کیا ہے، وہ گزشتہ دور حکومت میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر تھے۔