اسلام آباد: سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ نئی اسمبلی میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کے دوران سب کی نظریں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری پر ہوں گی اور ان کے ووٹ سے یہ واضح ہوگا کہ اپوزیشن اتحاد متحد ہے یا نہیں۔
حامد میر نے کہا کہ نئی اسمبلی میں وزیراعظم کے انتخاب کے دوران سب سے اہم بات یہ ہوگی کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی حمایت کرتے ہیں یا نہیں۔ قوانین کے مطابق وزیراعظم کے انتخاب کیلئے ووٹنگ نہیں بلکہ ڈویژن ہوتی ہے۔ اگر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کا ووٹ شہباز شریف کے حق میں جاتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ اپوزیشن اتحاد متحد ہے لیکن اگر دونوں میں سے کوئی ایوان میں نظر نہیں آتا تو پھر اس کا مطلب ہے کہ اس اتحاد میں کافی اختلافات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں بھرپور شرکت کریں گے البتہ وزیراعظم کے انتخاب کے دوران وہ کیا کرتے ہیں اس سے اپوزیشن اتحاد کے بارے میں واضح معلوم ہوجائے گا اور اگر دونوں ہی اس روز ایوان میں نہیں آتے تو اس کا مطلب ہے کہ یہ اتحاد زیادہ دیر نہیں چلے گا۔
حامد میر نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کا اصل امتحان وزیراعظم کے انتخاب کے دوران ہی ہوگا کیونکہ بظاہر تو وزیراعظم کیلئے عمران خان کے نمبر پورے ہیں اور وہ وزیراعظم بننے جا رہے ہیں لیکن اگر شہباز شریف کو آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا ووٹ نہیں ملتا تو یہ بہت ہی اہم بات ہوگی۔