اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم ایوان میں بدترین دھاندلی کو تحفظ دینے نہیں بلکہ جمہوریت کی شمع کو روشن رکھنے اور جمہوریت کے استحکام کیلئے حلف اٹھایا ہے، انتخابی دھاندلی کےحوالے سے ایوان کے اندر اور باہر سیاسی کردار ادا کرینگے نواز شریف سے ایسا سلوک نہ کریں وقت بدلتے دیر نہیں لگتی ہے، نواز شریف کو جیل سے بکتر بند گاڑی سے احتساب عدالت لانے پر قوم سکتے میں ہے۔
قومی اسمبلی میں تقریب حلف برداری کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) فیڈرل کیپٹل کے صدر سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے پبلک سیکریٹریٹ میں منعقدہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور 17 اگست کو وزیر اعظم کے انتخابات کے بعد قومی اسمبلی میں بھرپور قوت اور کمٹمنٹ کے ساتھ اپنا کردارادا کریں گے۔ الائنس برائے فری اینڈ فیئر الیکشن کی باقی جماعتوں کے ساتھ مل کر مبینہ انتخابی دھاندلی کا کھوج لگائیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ انتخابی بے قاعدگیوں کو منظر عام پر لانے کے لئے پارلیمانی کمیشن کا بھر پور مطالبہ کررہے ہیں جس کے تحت فارنزک آڈٹ ہوگا۔ مسلم لیگ(ن) کے سربراہ نے پار لیما نی پارٹی کے ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکا ن پارلیمنٹ منجھے ہوئے تجربہ کار پار لیمنٹرین کا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات خفیہ رائے شماری سے ہونگےیہ کوئی اچانک فیصلہ نہیں ہوا بلکہ آئین میں درج ہے جو بھی اتحا د ی امیدوار ہوگا اس کو امانت جان کرووٹ ڈال کر آنا ہے۔