بیجنگ: پاکستان کو درپیش مالی بحران کے پیش نظر ماہرین معاشیات کا کہنا تھا کہ نئی حکومت کو بہرصورت 10 سے 12 ارب ڈالر کا انتظام کرنا ہوگا اور اس کے لیے بہترین آپشن آئی ایم ایف ہے۔ تاہم اب چین نے اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ ایسا وعدہ کر لیا ہے کہ عمران خان کی سب سے بڑی مشکل حل کردی ہے۔ چین نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس جانے سے بچانے کے لیے وعدہ کر لیا ہے کہ وہ پاکستان کو مالی اعانت فراہم کرے گا۔ تحریک انصاف کے ایک سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ ’’چینی حکومت نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر کم ہونے کی فکر نہ کریں، ذخائر کو مناسب سطح پر رکھنے کے لیے چین پاکستان کو مزید قرض فراہم کرے گا۔‘‘
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر 9ارب ڈالر کی کمتر سطح پر آ چکے ہیں اور ان میں بہترین کے لیے چین پہلے ہی 2 ارب ڈالر پاکستان کو فراہم کر چکا ہے، جن میں سے ایک ارب ڈالر سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹس میں منتقل بھی ہو چکے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت کے ایک متوقع وزیر نے بھی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’’چین نے وعدہ کیا ہے کہ وہ مالی بحران سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی معاونت جاری رکھے گا تاہم چینی حکام کی طرف سے اپنے پاکستانی ہم منصبوں کو یہ تلقین بھی کی گئی ہے کہ وہ زرمبادلہ کے خسارے کو کم کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں۔چین کی طرف سے مالی معاونت کے وعدے کے باعث امکان ہے کہ ہماری حکومت کو آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔‘‘