اسلام آباد: پاکستان کے 72 ویں جشنِ آزادی کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر، وزیراعظم، مسلح افواج کے سربراہان، چئیرمین سینییٹ اور سپیکر قومی اسمبلی، وفاقی کابینہ کے ارکان سمیت ملک کی اعلی ترین قیادت کے علاوہ دوست ممالک کے سفرا بھی شریک ہوئے۔ مرکزی تقریب کے علاوہ صوبائی دارالحکومتوں سمیت شہروں، ہائیکورٹس، چیمبر آف کامرس سمیت مختلف اداروں میں پرچم کشائی تقاریب کا انعقاد کیا گیا جبکہ یوم آزادی کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے ریلیوں کا بھی اہتمام کیا گیا. اس موقع پر ہر سو قومی پرچموں کی بہار چھائی رہی.
جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا۔ جس کے بعد مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین نے خطاب کیا، تقریب میں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے علاوہ وفاقی کابینہ کے ارکان ، سیاسی جماعتوں کی قیادت اوردوست ممالک کے سفرا شریک ہوئے۔
قبل ازیں دن کا آغاز فرزندانِ پاکستان نے مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کی دعائوں سے کیا۔ پاک فوج کے جوانوں نے وفاقی دارالحکومت میں 31 اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی۔ صبح 8 بجکر 58 منٹ پر ملک بھر میں سائرن بجائے گئے جس کے دوران 2 منٹ تک ٹریفک رکی رہی۔
کراچی اور لاہور میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کے مزارات پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد ہوئیں۔ قائداعظمؒ کے مزار پر قائم مقام گورنر سندھ اور نگران وزیراعلی نے حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ اس موقع پر قومی ترانہ پڑھا گیا جس کے بعد فاتحہ خوانی کی گئی۔
لاہور میں مزار اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب میں اعزازی گارڈز کے فرائض رینجرز سے پاک آرمی کو منتقل کر دئے گئے۔ نگران وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے مئیر لاہور کرنل(ر) مبشر جاوید کے ہمراہ مزاراقبال پر حاضری دی اور فاتحہ پڑھی۔ اس موقع پر مزار پر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائی گئیں اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں بھی مانگی گئیں۔ مرکزی تقریب کے علاوہ صوبائی دارالحکومتوں سمیت شہروں، ہائیکورٹس، چیمبر آف کامرس سمیت مختلف اداروں میں پرچم کشائی تقاریب کا انعقاد کیا گیا جبکہ یوم آزادی کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے ریلیوں کا بھی اہتمام کیا گیا. اس موقع پر ہر سو قومی پرچموں کی بہار چھائی رہی۔