نئی دہلی: متوقع وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹرز کپل دیو، سنیل گواسکر اور نوجوت سنگھ سدھو کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی جس کے بعد کپل دیو اور گواسکر نے تو آنے سے معذرت کر لی مگر نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان آنے کا اعلان کرتے ہوئے ویزا بھی حاصل کر لیا ہے۔
نوجوت سنگھ سدھو کے پاکستان آنے کے معاملے پر جہاں پاکستانی بہت خوش ہیں تو وہیں بھارتی انتہاءپسند تنظیم شیو سینا نے ایک مرتبہ پھر اپنا بھیانک چہرہ بے نقاب کر دیا ہے اور کہا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو پاکستان جانے سے پہلے سرحد پر شہید ہونے والوں کے گھر جائیں اور اہل خانہ سے ملیں، اگر پھر بھی وہ پاکستان جانے کے اپنے فیصلے پر برقرار رہیں تو پھر یہ ان کے اپنے من کی بات ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیو سینا کے رہنما سنجے راوت نے کہا کہ سدھو پاکستان جانے سے پہلے سرحد پر شہید ہونے والوں کے گھر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سدھو کو سب سے پہلے میجر کاﺅستبھ رانے کے گھر جانا چاہئے۔ ان کے گھر جا کر ان کے چھوٹے بچے، بیوی اور ماں باپ سے ملیں، ملاقات کے بعد اگر انہیں تسلی ہوئی اور وہ عمران خان کو ملنے جانے کا توچیں تو ان کے من کی بات ہے۔