کوئٹہ: پاکستان کے 72ویں یوم آزادی پر بلوچ عوام نے قومی جذبے سے سرشار ہو کر وطن سے بھرپور محبت کا اظہار کیا۔ ڈیرہ بگٹی میں یوم آزادی پر شاندار ریلی نکالی گئی، ریلی میں قبائلی عمائدین سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔
ڈیرہ بگٹی ہیڈ کوارٹرز میں بھی پرچم کشائی کی تقریب ہوئی، یادگار شہداء پر سلامی پیش کی گئی۔ گوادر میں پاکستان نیوی اور پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے زیراہتمام بوٹ ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ چمن، قلات، ژوب، سبی، خصدار اور چاغی سمیت دیگر شہروں میں بلوچ عوام یوم آزادی شایان شان طریقے سے منارہے ہیں۔
جنوبی وزیرستان میں جشن آزادی کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی آئی جی ایف سی میجرجنرل عبدالطیف تھے۔ ضلع باجوڑ میں بھی یوم آزادی پر ہیڈکوارٹر کالونی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، یادگار شہدا پر پرچم لہرایا گیا۔ چاسدہ، بنوں، کوہاٹ اور فاٹا کے علاقوں میں بھی جشن آزادی کے حوالے سے تقریبات منعقد ہوئیں۔
گلگت، چنارباغ میں بھی یوم آزادی کی تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیراعلی گلگت بلتستان تھے، انہوں نے شہداء کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔