اسلام آباد: اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس سردار ایاز صادق کی صدارت میں جاری ہے۔
خفیہ رائے شماری کے ذریعے پہلے مرحلے میں اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسد قیصر جبکہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے سید خورشید شاہ کو اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ موجودہ اسپیکر ایاز صادق نئے اسپیکرکے انتخاب تک اجلاس کی صدارت کریں گے، جس کے بعد نومنتخب اسپیکر، قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کروائیں گے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کے لیے قاسم سوری اور متحدہ اپوزیشن کی جانب سے سعد محمود کو نامزد کیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر اراکین اسمبلی ایوان میں موجود ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف احتساب عدالت میں اپنے بڑے بھائی نواز شریف کی پیشی کی وجہ سے ایوان میں نہیں آئے۔ اجلاس کے آغاز پر 5 منتخب اراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھایا، جو کسی وجہ سے 13 اگست کو حلف نہیں اٹھاسکے تھے۔اسپیکر اسمبلی کے انتخاب کی غرض سے ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے اراکین کو حروف تہجی کے مطابق باری باری ان کے نام سے بلایا جارہا ہے۔اسپیکر کے انتخاب کے لیے 2 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ایک پولنگ بوتھ پر پیپلز پارٹی سےغلام مصطفیٰ شاہ اور تحریک انصاف کے عمران خٹک پولنگ ایجنٹ ہیں جبکہ دوسرے پولنگ بوتھ پر پیپلز پارٹی کی شازیہ مری اور تحریک انصاف کےعمر ایوب پولنگ ایجنٹ ہیں۔اس سے قبل اسپیکر ایاز صادق نے اراکین کو بیلٹ باکس دکھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ‘اس میں ہاتھ لگا کر دیکھیں،کہیں کچھ پہلے سے تو نہیں’۔پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ‘بیلٹ باکس پر پین کے بجائے مہر کا استعمال کیا جائے’۔جس پر اسپیکر نے کہا کہ ‘میں آپ سے اتفاق کرتا ہوں،مہر اور پیڈ فراہم کیےجائیں گے’۔اس موقع پر کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں ہے۔جب تمام ووٹرز ووٹ ڈال دیں گے تو اسپیکر ووٹنگ ختم ہونے کا اعلان کریں گے اور امیدواروں اور پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی ہوگی۔جس کے بعد اسپیکر ایاز صادق نتیجے کا اعلان کریں گے اور کامیاب امیدوار سے حلف لیں گے۔نو منتخب اسپیکر اسی طریقہ کار کے تحت ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کروائے گا۔خیال رہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد وزیراعظم کے انتخاب کا مرحلہ آئے گا۔اس سلسلے میں کاغذات نامزدگی 16 اگست دن 2 بجے تک جمع ہوں گے جس کے بعد وزیراعظم کا انتخاب اگلے روز 17 اگست کو ہوگا۔عام انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت پی ٹی آئی نے عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف وزیراعظم کے مشترکہ امیدوار ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کے وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھانے کی تاریخ 18 اگست مقرر کی گئی ہے۔