نوشہرہ نوشہرہ زلمی گرینز نے زلمی آزادی کپ جیت لیا، فائنل میں نوشہرہ زلمہ گرینز نے خیبر زلمی گرینز کو سات وکٹوں سے شکست دی، نگراں وزیر اعلیٰ دوست محمد اور چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے اختتامی تقریب میں انعامات تقسیم کیے۔
پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقد ہونیوالا زلمی آزادی کپ نوشہرہ زلمی گرینز کی فتح پر اختتام پذیر ہوا، فائنل میں نوشہرہ زلمی گرینز نے سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی، فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے خیبر زلمی گرینز ایک سو اکیاون رنز بناکر بناکر آؤٹ ہوئی۔
ریحان آفریدی چالیس رنز بناکر نمایاں رہے، عمر عالم نے تین وکٹیں حاصل کیں، جواب میں نوشہرہ زلمی گرینز نے ہدف تین وکٹوں پر حاصل کرکے پہلا زلمی آزادی کپ اپنے نام کرلیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے رضا گیلانی چھیالس رنز بناکر نمایاں رہے، خیبر زلمی کی جانب سے ثمین گل نے دو وکٹیں حاصل کیں، نگراں وزیر اعلیٰ دوست محمد، چیرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی اور پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
نگراں وزیر اعلیٰ دوست محمد نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر پشاور زلمی کی جانب سے آزادی کپ کا انعقاد باعث خوشی ہے .پشاور زلمی اور جاوید آفریدی خیبر پختونخواہ میں کرکٹ کے فروغ کے لیے گرانقدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے کہا پشاور زلمی فاؤنڈیشن کے تحت خیبر پختونخواہ میں کرکٹ کی بہتری کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ جاوید آفریدی نے کہا کہ زلمی آزادی کپ کے انعقاد سے خیبر پختونخواہ کے نوجوان کرکٹرز کو صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع ملا۔ مستقبل میں بھی اس طرح کے ایونٹس کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ زلمی سکول لیگ اور زلمی آزادی کپ کی کامیابی کےبعد اب آئندہ ماہ زلمی مدرسہ لیگ کا انعقاد کیا جائیگا۔ پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ اور ہیڈ کوچ محمد اکرم نے کہا کہ زلمی آزادی کپ میں نیا ٹیلنٹ سامنے آیا، امید ہے نوجوان کرکٹرز اسی لگن سے محنت جاری رکھیں گے۔
فائنل میں تین وکٹیں حاصل کرنیوالے عمر عالم مین آف دی میچ قرار پائے۔ فائنل سے قبل ہونیوالے سیمی فائنل میں فخر زمان کی شاندار بیٹنگ نے شائقین کرکٹ کو خوب محظوظ کیا۔ فخر زمان نے صرف چھیالیس گیندوں پر تراسی رنز بنائے. تایم ان کی ٹیم مردان زلمی کو خیبر زلمی گرینز نے ہراکر فائنل میں جگہ بنائی۔ فائنل کے موقع پر شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور کا رخ کیا اور جشن آزادی اور زلمی آزادی کپ کا لطف اٹھایا۔ فائنل کے موقع پر چیئرمین جاوید آفریدی کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ ڈس ایبل کرکٹ ٹیم نے بھی خصوصی دعوت پر زلمی آزادی کپ کا فائنل دیکھا۔