اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کیلئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کاغذاتِ نامزدگی کیلئے تجویز کنندہ شیخ رشید جبکہ تائید کنندہ فخر امام ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں تحریکِ انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں عمران خان کو پارٹی کی جانب سے باضابطہ طور پر وزارتِ عظمیٰ کیلئے امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔
تحریکِ انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کرنے کی تحریک پیش کی جس منظور کرتے ہوئے انہیں وزیراعظم کا امیدوار نامزد کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ 13 اگست کو پندرہویں قومی اسمبلی کے 325 نومنتخب اراکین نے حلف اٹھایا تھا۔ قومی اسمبلی کی 10 نشستوں پر دوبارہ الیکشن ہو گا جبکہ 2 حلقوں میں انتخاب نہیں ہوا، اس کے علاوہ این اے 215 سانگھڑ میں سندھ ہائیکورٹ کے حکم امتناع کے باعث حلف نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ 329 میں سے 325 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھایا۔ قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں 4 ارکان نے حلف نہیں اٹھایا۔ حلف نہ اٹھانے والوں میں مسلم لیگ ن کے عثمان ابراہیم، تحریک انصاف کے محبوب سلطان اور امیر سلطان نے بھی حلف نہیں اٹھایا جبکہ تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا سے ایک مخصوص نشست پر کسی کو نامزد نہیں کیا