اسلام آباد: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انہیں انتخابات میں جیت پر مبارکباد دی اور مستقبل میں مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ گفتگو کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری، تجارتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا، اس موقع پر عمران خان نے کہا ولی عہد کی زیر نگرانی سعودیہ میں کرپشن کیخلاف موثر مہم چلائی گئی، بہترین گورننس کرپشن کے خاتمے سے ہی ممکن ہے، ہم بھی ولی عہد کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔ پاک سعودی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ عنقریب دونوں ممالک کے سربراہ ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کریں گے،
واضح رہے اس سے قبل سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے بھی عمران خان کو ٹیلی فون کر کے جیت کی مبارکبا د دی تھی اور انہیں سعودی عرب کے دورے کی دعوت بھی دی تھی جواب میں عمران خان نے دعوت قبول کرتے ہوئے سعودی فرمانروا کو بھی پاکستان آنے کی دعوت دی تھی ۔قبل ازیں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ترکی نے ہمیشہ مشکلات کے خلاف کامیابی حاصل کی‘ اپنی اور پاکستانیوں کی طرف سے ترک صدر اور عوام کے لئے دعا گو ہیں۔ منگل کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹوئٹر پر عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ اپنی اور پاکستانیوں کی طرف سے ترک صدر اور عوام کے لئے دعا گو ہیں۔ دعا گو ہیں ترکی معاشی چیلنجز سے کامیابی سے نمٹ لے۔ ترکی نے ہمیشہ مشکلات کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے۔