لاہور: کپتان سرفراز احمد کہتے ہیں کہ ایشیا کپ کیلئے بھرپور تیاری کریں گے، بھارتی ٹیم اب بھی ہم سے بہتر ہے،عمران خان سے اپیل کروں گا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو بند نہ کریں۔
کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کلب کرکٹ کھیلنا خوش آئند ہے، تمام کرکٹرز کو کلب کرکٹ کھیلنی چاہیے، ہم کلب کرکٹ کو سنجیدہ لیتے ہیں، اسی لیے کراچی سے کھیلنے کے لئے آئے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے شیڈول پر بھارتی اعتراض کا علم نہیں، کھلاڑی بھرپور طریقے سے فٹنس پر فوکس کر رہے ہیں، امید ہے ایشیا کپ میں بھرپور تیاری کے ساتھ اتریں گے، انگلینڈ کے دونوں ٹورز ہم نے اچھے کھیلے ہیں، عمران خان سے درخواست کروں گا کہ ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کو بند نہ کریں۔ ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کو مزید بہتر کرنے پر زور دینا چاہیے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں تمام ٹیمیں اچھی ہیں بنگلہ دیش اور سری لنکا اچھا کھیل رہے ہیں، کپتان کی حیثیت سے سمجھتا ہوں کہ بھارت کے مقابلے میں ہماری تیاری اچھی ہے تاہم بھارت کی ٹیم ابھی بھی پاکستان سے زیادہ تجربہ کار ہے۔