کراچی: نامور پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کا کہنا ہے کہ اداکارہ اور مشہور شخصیت ہونے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ مداح ہمیں جنسی ہراساں کریں۔ انہوں نے حال ہی میں ٹوئٹر پر اداکارائوں کو ان کے مداحوں کی جانب سے جنسی ہراساں کیے جانے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ مشہور شخصیت ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ مداح ہمیں عوامی مقامات پر جنسی ہراساں کریں۔
ہانیہ نے کہا ایسی حرکت کرنے والوں کو مداح کس طرح کہا جاسکتا ہے جو ہماری محبت کے جواب میں ہمیں جنسی ہراساں کرکے شرمندہ کرتے ہیں اور ذہنی پریشانی دیتے ہیں۔ جب ہم عوامی مقامات پر جاتے ہیں تو لوگ ہمیں بے حد پیار اور محبت دیتے ہیں اورآپ لوگوں کی اسی محبت کے جواب میں ہم فنکار کچھ وقت آپ کے ساتھ گزارتے ہیں لیکن آپ ہی میں سے کچھ لوگ ہمیں ہراساں کرتے ہیں لہٰذا ان لوگوں کی اس حرکت کے بعد ہم دوبارہ سوچنے پر مجبور ہوجاتے ہیں کہ آپ کے ساتھ وقت گزارنے کا ہمارا فیصلہ درست تھا؟ہانیہ عامر نے کہا کہ جنسی ہراسانی کا دفاع کرنا بالکل بھی صحیح نہیں آج بھی چند لوگ خواتین کو صرف ایک ”چیز“ کے طور پر دیکھتے ہیں۔ایسے ہی کچھ لوگوں کی وجہ سے خواتین اپنے گھر سے باہر قدم رکھنے سے گھبراتی ہیں، کام بھی نہیں کرپاتی اور اپنی زندگیاں خوف میں بتاتی ہیں۔
اداکارہ نے لکھاکہ تمام خواتین کی عزت کریں اور امید رکھیں کہ آپ کے اپنے گھر کی ہی خاتون کی عزت ہوگی، ہجوم میں نہ چھپیں بلکہ سامنے آئیں تو میں دکھاؤں گی کہ ایک خاتون کیا کچھ کرسکتی ہے‘۔