اسلام آباد: پاکستان نے افغانستان کے شہر غزنی میں بم دھماکوں کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیامِ امن کا خواہاں ہے، پاکستان میں بھارتی مداخلت بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان نے افغانستان کے علاقے غزنی میں بم دھماکوں کے حوالے سے افغان حکومت کے الزامات مسترد کرتے وہئے مذاکرات کو قیام امن کا واحد راستہ قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہم افغانستان کے اس الزام کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ اس حوالے سے کوئی بھی ثبوت موجود نہیں ہیں۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترِ خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان دیامیر اور بھاشا ڈیم کی تعمیر میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرے گا، وزیرِاعظم نریندر مودی کا بیان قبول نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کی پاکستان میں مداخلت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ہماری سیکیورٹی ایجنسیز کسی بھی حملے سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔
عمران خان سے متعلق بھارتی میڈیا کی ہرزہ سرائی کے سوال پر ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کو اب بڑا ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا اور سعودی عرب کے تنازع پر سعودی عرب کیساتھ کھڑے ہیں۔