کراچی: پی ایس ایل فرنچائزز نے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو وفاداری کا یقین دلا دیا جب کہ نئے سربراہ کے امیدوار قرار پانے والے ایک ٹیم آفیشل بھی ان افراد میں شامل ہیں۔ نئی حکومت کے آنے پر پی سی بی میں تبدیلی کی بازگشت گذشتہ کئی روز سے جاری ہے حیران کن طور پر سوائے بورڈ ملازمین کے دیگر سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے نجم سیٹھی کے حق میں آواز بلند نہیں کی،البتہ پی ایس ایل فرنچائزز نے انھیں مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک فرنچائز اونر نے چیئرمین سے کہا کہ حکمران پارٹی کی ایک اعلیٰ شخصیت ان کی دوست ہے، اس سے بات کر کے تبدیلی نہ کرنے کا مشورہ دیں گے،ایک اور ٹیم آفیشل نے نجم سیٹھی کو یقین دلایا کہ وہ نیا چیئرمین بننے کی دوڑ میں شامل نہیں،ان کے حوالے سے یہ اطلاعات زیرگردش ہیں کہ وہ اس حوالے سے کوشش کر رہے تھے۔چیئرمین پی سی بی چاہتے ہیں کہ فرنچائزز کھل کر ان کی حمایت کا اعلان کریں، البتہ اونرز اس حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار ہیں، انھیں خدشہ ہے کہ اگر ایسا کیا اورکرکٹ بورڈ کاکوئی نیا سربراہ آ گیا تو وہ انھیں سابق چیئرمین کا حامی ہی سمجھے گا،اب تک صرف ایک ہی فرنچائزمالک نے سوشل میڈیا کے ذریعے موجودہ چیئرمین پی سی بی کی کھل کر تعریف کی جسے تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے،دیگر واٹس ایپ گروپ و ویگر ذرائع سے انھیں وفاداری کا یقین دلا رہے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اعلیٰ حلقوں نے اب تک پی سی بی میں تبدیلی کے حوالے سے چپ سادھی ہوئی ہے، البتہ عمران خان کے بطور وزیراعظم حلف اٹھانے کے بعد کسی پیش رفت کا امکان ہے۔دوسری جانب دنیا کے کئی کرکٹرز کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد کرکٹ کوچنگ سے منسلک ہورہے ہیں تاہم جاوید میانداد، محسن خان، وقار یونس اور معین خان کوچنگ کورس کی سند نہ ہونے کے باوجود پاکستان ٹیم کی کوچنگ کر چکے ہیں۔پاکستان ٹیم کے موجودہ کوچ مکی آرتھر کے پاس کرکٹ کھیلنے کا وہ تجربہ نہیں ہے جو جاوید میانداد، محسن خان، وقار یونس اور معین خان کے پاس ہے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اس وقت کوچنگ کورس میں دلچسپی نہیں رکھتے بلکہ ان کا تمام تر فوکس پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے پر مرکوز ہے۔بدھ کو ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں سرفراز احمد فضل محمود انٹر کلب ٹورنامنٹ میں اپنے کلب پاکستان سی سی کراچی کی جانب سے سیمی فائنل میں ایکشن میں دکھائی دیئے۔اس میچ میں اسد شفیق، شان مسعود نے بھی شرکت کی۔ سرفراز احمد دو سال سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں اور کامیابی سے ٹیم کی کپتانی کررہے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو قومی اکیڈمی میں لیول ون کوچنگ کورس کرنے کی پیشکش کی لیکن سرفراز احمد نے عید اور پہلے سے طے شدہ مصروفیات کی وجہ سے معذرت کرلی تاہم وہ مستقبل میں کوچنگ کورس کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔کوچنگ کے لیے لیول ون ابتدائی کورس ہوتا ہے۔