اسلام آباد: نئی حکومت سرکاری اداروں کو فروخت کرنے پر مجبور ہوگی، امداد سے روپے کی قدر بڑھے گی۔
نئی حکومت کو جاری کھاتوں کے خسارے سے نمٹنا سب سے بڑا چیلنج ہوگا، چین پاکستان کو سب سے زیادہ فنڈز مہیا کرے گا اور چین سے قرض کسی شرط کے بغیر ملنے کا امکان ہے، رپورٹ کے مطابق نئی حکومت سرکاری اداروں کو فروخت کرنے پر مجبور ہوگی ، پی آئی اے چینی کمپنی کو فروخت کی جاسکتی ہے۔
چین کی پاکستان کی مارکیٹوں تک رسائی بڑھنے سے مقامی مارکیٹوں میں مسابقت مزید بڑھے گی دوسری جانب مقامی صنعتیں پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں، نئی حکومت درآمدات کو قابو کرنے کی کوشش کرے گی،درآمدات میں کمی سے روپے پر دباو کم ہوگا، جس سے رواں برس ڈالر کی اوسط قیمت 118 روپے 50 پیسے رہنے کا امکان ہے ،زرمبادلہ کے ذخائر نہ بڑھے تو معاشی مسائل پھر سر اٹھائیں گے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان “سی پیک” کے قرضوں کی موخر ادائیگیوں پر بات کرسکتا ہے ، دوسری طرف سی پیک منصوبوں میں چینی حصہ مزید بڑھے گا۔