دہلی: اٹل بہاری واجپائی کئی ہفتوں سےگردوں کی بیماری میں مبتلا تھے۔ سابق بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی عمر 93 برس تھی۔
بھارت کے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی ترانوے سال کی عمر میں چل بسے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے دو مرتبہ وزیر اعظم بننے اٹل بہاری واجپائی کی حالت تشویشناک تھی جس کی بنا پر ہسپتال انتظامیہ نے انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کر دیا تھا جہاں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی انکی عیادت کی،وہ آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں زیر علاج تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اٹل بہاری واجپائی کی باقیات ان کی رہائشگاہ کرشنا مینن مرگ منتقل کی جائیں گی۔ اٹل بہاری واجپائی کی خراب صحت کے باعث ان کی جماعت بھارتیہ جنتہ پارٹی نے 19-18 اگست کو ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا تھا۔
واضح رہے اٹل بہاری واجپائی نے 1940 میں سیاست میں قدم رکھا تھا، 1942ء کی ’’بھارت چھوڑو‘‘ تحریک میں پرجوش حصہ لیا،تحریک کی شدت کو دیکھ کر تحریک کے شرکا کو پکڑا جانے لگا تو یہ بھی گرفتار ہو گئے اور انہیں 24 دنوں کی قید بھگتنی پڑی۔اٹل بہاری واجپائی دو مرتبہ ملک کے وزیر اعظم رہے۔ پہلی مرتبہ 16 مئی 1996ء سے یکم جون 1996ء یعنی 15 دن کے وزیر اعظم رہے ٗدوسری مرتبہ 19 مارچ 1998ء سے 22 مئی 2004ء تک وزارتِ عظمیٰ کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔واجپائی ملک کے صف اول کے سیاسی رہنما کے ساتھ ہندی کے عمدہ شاعر بھی ہیں ٗ سیاسی مصروفیات میں بھی انہوں نے شاعری کو اپنے سینے سے لگائے رکھا۔ واجپائی جنہیں اعتدال پسند قائد کہا جاتا ہے انہوں نے اپنی شاعری میں بھی اپنے ان جذبات کی ترجمانی کی ہے ٗاپنے طویل سیاسی سفر میں واجپائی نے وقت کے ہر سلگتے مسئلے پر نظمیں کہی ہیں۔