اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایل او سی پر فائرنگ سے شہید ہونے والے جوانوں کے اہلخانہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، صدر مملکت نے شہدا کی بلندی درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایل او سی پر دشمن سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے شہید سپاہی غلام حسین، حوالدار عبدالرب اور نائیک خرم علی کے اہل خانہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ، صدر مملکت نے شہدا کی بلندی درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر مملکت نے شہدا کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم ملک کے دفاع کےلئے ہمہ وقت تیار ہے، وطن عزیز کیلئے جان قربان کرنے والوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا، ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قوم ان شہدا کی قربانیوں کی مقروض ہے۔ جبکہ دوسری جانب لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے جوان عبدالرب کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید حوالدار عبدالرب کی نماز جنازہ تونسہ کے گاؤں بستی نتکانی میں ادا کی گئی جس میں پاک فوج کے افسران، شہید کے اہلخانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاک فوج کے دستے نے شہید حوالدار عبدالرب کو سلامی پیش کی جبکہ وزیراعظم عمران خان اور سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے پھول بھی رکھے گئے۔ گزشتہ روز بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے حوالدار عبدالرب اور نائیک خرم سمیت 4 افراد شہید ہو گئے تھے۔