کراچی (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کی تعلیمی قابلیت انٹرپاس ہے۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کی تعلیمی قابلیت سے متعلق تحریک انصاف کے دعوؤں میں تضاد سامنے آگیا ہے، اور ان کی تعلیمی قابلیت پر سوالیہ نشان کھڑے ہوگئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے مطابق عمران اسماعیل نے اٹلی اور امریکا سے لیدر ٹیکنالوجی اور کیمیکل میں ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں۔ دوسری جانب عمران اسماعیل نے عام انتخابات میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 111 سے انتخابات میں حصہ لیا تھا اور اپنے کاغذات نامزدگی میں اپنی تعلیم انٹر (بارھویں پاس ) درج کی تھی، اور اب انٹر پاس عمران اسماعیل بحیثیت گورنر سندھ کی تمام سرکاری جامعات کے چانسلر ہوں گے۔الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی ناکامی کے بعد محمد زبیر سندھ کی گورنر شپ سے مستعفی ہوگئے تھے جس کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے اس عہدے پرعمران اسماعیل کو نامزد کیا گیا تھا، گزشتہ روز ان کی گورنر سندھ تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا، وہ 27 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ جبکہ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے شبلی فراز کو سینیٹ میں قائد ایوان نامزد کردیا۔وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سینیٹ میں قائد ایوان کے لیے شبلی فراز کی نامزدگی کی درخواست وزارت پارلیمانی امور کے ذریعے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو بھجوائی گئی۔سینیٹ سیکریٹریٹ نے وزیراعظم کی طرف سے قائد ایوان کی نامزدگی کا خط موصول ہونے کی تصدیق کردی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دور حکومت میں مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق سینیٹ میں قائد ایوان تھے جو اب حزب اختلاف کے سربراہ کی حیثیت میں ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قائد ایوان کے لیے نامزد سینیٹر شبلی فراز کا تعلق تحریک انصاف سے ہے اور وہ معروف شاعر احمد فراز مرحوم کے صاحبزادے ہیں، شبلی فراز مارچ 2015 میں جنرل نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے