جس کے باعث شاہین ایئر لائن کا حجاج کرام کو واپس لانے کا آپریشن منسوخ کردیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مدینہ سے کراچی آنے والی شاہین ایئر کی حج پرواز این ایل 704 دس گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شاہین ایئرلائن کی حاجیوں کو لینے کیلئے جانے والی پرواز کو کلیئر قرار نہیں دیا، پرواز کو کراچی سے مدینہ جانے کی اجازت نہ ملنے پر مدینہ کے حج ٹرمینل پر 325 سے زائد حجاج کرام بے یارو مددگار بیٹھے ہیں۔طیارے کو سعودی عرب کے وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے روانہ ہونا تھا، مذکورہ حجاج کرام صبح سے ہی مدینہ ایئرپورٹ پر موجود ہیں، حاجیوں کو ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے پرواز کی روانگی کے حوالے سے کوئی معلومات اور سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں۔مدینہ کے حج ٹرمینل پر موجود حجاج کرام نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا نوٹس لے کر واپسی کے انتظامات کیے جائیں۔اس حوالے سے ترجمان شاہین ایئر لائن کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایویشن کی جانب سے شاہین ایئر لائن کا حجاج کرام کو واپس لانے کا آپریشن منسوخ کردیا گیا ہے، لائسنس کی ہر سہ ماہی کے بعد توسیع ہوتی ہے جسے سول ایوی ایشن نے کرنے سے انکار کردیا ہے۔لائسنس نہ ہونے کی وجہ سے شاہین ایئر کی حجاج کرام کو مدینہ اور جدہ سے واپس لانے کی پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں، شاہین ایئر کی پروازیں حجاج کرام کو واپس لانے کے لیے تیار کھڑی ہیں، سول ایوی ایشن کے اس اقدام سے شاہین ایئر سے واپس آنے والے ہزاروں حجاج متاثر ہونگے۔ترجمان شاہین ایئر کا مزید کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن نے یقین دہانی کرائی تھی کے شاہین ایئر کے حجاج کرام کو واپس لانے کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی جبکہ معزز عدالت نے بھی اسی بات کی تلقین کی تھی جسے سول ایوی ایشن نے ماننے سے انکار کیا۔ترجمان کے مطابق شاہین ایئر نے پچھلے دو ماہ میں کوئی آمدنی حاصل نہیں کی لیکن اس کے باوجود حجاج کرام کو واپس لانے کے لیے اخراجات کر رہی ہے تاکہ اُنہیں واپس لایا جا سکے۔