کراچی (ویب ڈیسک ) شہری پر تشدد ازخود خود نوٹس کیس میں چیف جسٹس نے عمران شاہ کو 15 روز میں 30 لاکھ روپے ڈیم فنڈ میں جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عمران شاہ 1800 سی سی تک کی گاڑی استعمال کرسکیں گے، داؤد چوہان نے عمران شاہ کو معاف کر دیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں عمران شاہ تشدد از خود نوٹس کیس میں چیف جسٹس نے عمران شاہ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا آپ نے کیا سوچ کر شہری کو تھپڑمارا، کوئی جانور کو بھی اس طرح نہیں مارتا، یہ ناقابل معافی جرم ہے، نہیں چھوڑیں گے، آپ عوام کے نمائندے ہیں، اس طرح تشدد کریں گے، میں باہر آتا ہوں، مجھے مار کر دکھا ئیں۔ اس پر عمران علی شاہ نے ندامت کا اظہار کرتے کہا سوری سر، میں شرمندہ ہوں۔چیف جسٹس نے کہا کیا سوری ؟ میں نے بچپن میں ملازم کو بیلٹ سے مارا تھا، میرے والد نے بھی مجھے دو بارسبق سکھانے کے لیے مارا۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے داود چوہان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا عزت کا کوئی معاوضہ نہیں ہوتا، آپ معاوضہ لے کر بیٹھ گئے، کیوں معاف کیا۔ جس پر دادو چوہان نے کہا میرے گھر پر چل کر نامزد گورنر آئے۔چیف جسٹس نے عمران شاہ سے استفسار کیا کتنے تھپٹر مارے تھے ؟ عمران شاہ نے بتایا 3 سے 4 تھپڑ مارے تھے۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا آپ کو بھی سر عام اسی طرح 4 تھپٹر مارے جائیں گے، ابھی وہ کلپ چلاتے ہیں، سب کو دکھاتے ہیں۔ عدالت میں چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا آنکھیں نہ دکھاؤ ہمیں، شاہ ہوں گے کہیں اور کے، یہ سپریم کورٹ ہے، یہ کہیں اور جا کر دکھانا