اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی نظامت تعلیمات کے زیر انتظام وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں پڑھائی جانے والی نئی نصاب کے تحت پانچویں جماعت کی معاشرتی علوم کی کتاب سے محمد مصطفی ﷺ کی نبوت و رسالت اور سیرت و کردار کے حوالے سے مضمون کو نکال کرنیلسن منڈیلا کا مضمون شامل کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔
نجی اخبار کے صحافی قاسم نواز عباسی کے مطابق وفاقی وزارت برائے تعلیم و تربیت کی جانب سے پہلی سے پانچویں جماعت کا نصاب تبدیل کیا گیا تاہم پانچویں جماعت کی معاشرتی علوم کی کتاب میں وفاقی وزارت تعلیم کے اعلیٰ حکام اور سابق وفاقی وزیر تعلیم و تربیت بلیغ الرحمان نے پانچویں جماعت کی کتاب سے سیرت النبی پر مشتمل مضمون محمد مصطفیٰ ﷺ نکلوادیا ہے ۔ دستیاب دستاویزات کے مطابق پانچویں جماعت کی معاشرتی علوم کی کتاب کے صفحہ نمبر 51 پر آپ ﷺ کی نبوت و رسالت اور سیرت و کردار کا مضمون جو کہ 2017 تک پڑھایا جا رہا تھا کو ختم کر دیا گیا ہے جبکہ صفحہ نمبر 60 پر نئے ایڈیشن اپریل 2018 میں جنوبی افریقہ کے لیڈر نیلسن منڈیلا کا مضمون ڈال دیا گیا ہے جبکہ پرانی کتاب کے صفحہ نمبر 52 پرموجودمسئلہ کشمیر کے حوالے سے مضمون کو بھی نکال دیا گیا ہے ۔ وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں معاشرتی علوم کا مضمون پڑھانے والے اساتذہ میں سخت بے چینی پائی جا رہی ہے اور اساتذہ اس بات پر متفق ہیں کہ اگر اس سنگین غلطی کو جلد حل نہ کیا گیا اور معافی نہ مانگی گئی تو تعلیمی سرگرمیوں سے بائیکاٹ کر دیا جائے گا۔معاشرتی علوم کے ایک استاد نے
اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ تمام عمل ایک گہری سازش ہے ۔ان کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان ،چیف جسٹس ثاقب نثار، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اس بات کا نوٹس لیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ نصاب سابق دور حکومت میں تبدیل کیا گیا جو کہ ایک انتہائی قابل مذمت عمل ہے ۔ دوسری طرف ایک خبر کے مطابق وفاقی کابینہ نے بیرون ملک سے رقوم واپس لانے کا فیصلہ کرلیا، جس کیلئے ٹاسک فورس قائم کردی گئی ۔وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا، جس کے دوران 8 نکاتی ایجنڈا زیرِ غور آیا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد مشیر بیرسٹر شہزاد اکبر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ باہر سے پیسے واپس لانے کیلئے ٹاسک فورس قائم کی گئی اور اثاثوں کی ریکوری کیلئے وزیر اعظم ہاؤس میں یونٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جبکہ رقوم کی واپسی کیلئے قانون سازی بھی کی جائے گی۔فواد چودھری نے کہا کہ بیرون ملک غیر قانونی جائیداد کی نشاندہی کرنے والے کو 20 فیصد حصہ دیا جائے گا۔ تعلیم کے شعبے میں بہتری کیلئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے ۔ مدارس سمیت تمام سکولوں میں یکساں بنیادی نصاب تعلیم رائج کیا جائے گا ۔ تمام تعلیمی اداروں کو ایک سرکاری ادارہ اسناد جاری کرے گا۔