اسلام آباد (ویب ڈیسک)پارلیمانی کمیشن کے قیام میں حکومت کی عدم دلچسپی سے حکمران جماعت اور مسلم لیگ (ن) میں فاصلے بڑھ گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن )نے قومی انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیشن کے قیام تک عمران خان حکومت سے عدم تعاون کا فیصلہ کیا ہے ۔نجی اخبار
کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے سربراہ شہباز شریف اور سینٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق کسی حکومتی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے ۔ مسلم لیگ ن کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل رکن قومی اسمبلی احسن اقبال سے جب اس ضمن میں رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ پارٹی قیادت نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے مشاورت کے بعد اس فیصلے کی پارلیمانی پارٹی سے بھی اس فیصلے کی توثیق کرالی ہے کہ جب تک نو منتخب حکومت قومی الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیشن کے قیام کا باضابطہ اعلان نہیں کرتی اس وقت تک حکومتی امور میں مسلم لیگ(ن) عدم تعاون کی پالیسی پر عمل پیرا رہے گی ۔تاہم شہباز شریف نےسردار ایاز صادق کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی قائم کردی ہے جو پارلیمانی کمیشن کے قیام کے حوالے سے حکومت سے رابطہ میں رہے گی،کمیٹی میں خواجہ آصف، رانا تنویر اور احسن اقبال شامل ہونگے ۔