اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس میں قانونی ٹیم کو بریت کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔تحریک انصاف کی قیادت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں بریت کے لیے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں درخواستیں دائر کرنے
کا فیصلہ کیا ہے جب کہ وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قانونی ٹیم کو باقاعدہ طور پر اس کی ہدایت بھی کردی۔تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کے مطابق 2014 کے دھرنے کے دوران ہنگامہ آرائی کے کیس میں نامزد پی ٹی آئی رہنماؤں کی بریت کی درخواستیں 11 ستمبر کو دائر کی جائیں گی۔پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کا کہنا ہے کہ دھرنے کے مقدمات سیاسی بنیاد پر دائر کیے گئے ، اس لیے عدالت سے بریت کی درخواست کی جائے گی۔یاد رہے کہ حکومت کے خلاف 2014 میں تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے اسلام آباد میں دھرنے کے دوران ہنگامہ ہوا اور کارکنان نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر دھاوا بھی بولا۔ریڈزون میں ہنگامہ آرائی پر مقدمہ درج کیا گیا جس میں موجودہ وزیراعظم عمران خان، نومنتخب صدر مملکت عارف علوی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر نامزد ہیں۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے تمام ملزمان کو 11 ستمبر کو طلب کر رکھا ہے۔ عمران خان اس سے قبل مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات نکالنے اور مقدمہ سیشن کورٹ منتقل کرنے کی درخواست کرچکے ہیں جسے انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے مسترد کیا جاچکا ہے۔