چند ماہ قبل جام ِ شہادت نوش کرنے والے میجر اسحاق کی ننھی بیٹی نے کل کا دن کیسے گزارا؟ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل۔۔۔۔راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) دہشتگردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے میجر اسحاق کی بیٹی کی تصویر گذشتہ روز یوم دفاع و شہداء پاکستان پر سوشل میڈیا پر
وائرل ہو گئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس تصویر نے ہر سوشل میڈیا صارف کی آنکھ کو اشکبار کر دیا۔ تصویر میں ننھی کلی کو اپنے والد کی قبر پر معصوم ہاتھوں سے پھول ڈالتے ہوئے دیکھا گیا۔یوم دفاع و شہداء پاکستان کے موقع پر اس تصویر کو کئی ہزار مرتبہ شئیر کیا گیا اور دہشتگردوں سے مقابلے اور ملک و قوم کی حفاظت کرتے ہوئے جان کے نذرانے پیش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے اپنی جان و مال اور اہل خانہ کی پرواہ کیے بغیر اپنی جان دھرتی ماں کے لیے قربان کر دی۔صارفین کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرنا چاہئیے جو دشمن سے لڑ کر ہمیں سکون اور تحفظ فراہم کرتے ہیں ہمیں چاہئیے کہ ہم ایسے بہادر اور جانباز سپاہیوں کے اہل خانہ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہ کریں۔یاد رہے کہ میجر اسحاق گذشتہ برس 22 نومبر کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ کولاچی میں دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے کے دوران شہید ہوئے تھے۔ میجر اسحاق کی بیٹی کی والد کی شہادت کے بعد ایک معصومانہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ میجر اسحاق کی شہادت پر ان کی بیٹی کے ہمراہ بھی تصویر وائرل ہوئی تھی جبکہ میجر اسحاق شہید کے
تابوت کے پاس بیٹھی ان کی اہلیہ کی تصویر نے بھی کئی لوگوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔میجر اسحاق کی اہلیہ اپنے شوہر کی شہادت پر صدمے سے دوچار تابوت کے پاس ہی بیٹھی رہی تھیں۔28 سالہ شہید میجر اسحاق کا تعلق خوشاب سے تھا۔ ان کے پسماندگان میں ان کی بیوہ اور ایک سال کی بیٹی شامل تھی۔ میجر اسحاق کی بیٹی کی رواں سال عید الفطر پر بھی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی۔ اس تصویر میں میجر اسحاق کی بیٹی کو ان کا آرمی یونیفارم پہنے دیکھا گیا۔میجر اسحاق کی بیٹی کی تصویر وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ خوشی کے موقعوں پر ہمیں ان اہل خانہ اور معصوم بچوں کا خیال بھی رکھنا چاہئیے جن کے پیارے دھرتی ماں کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہو گئے اور اپنے ننھے بچوں کو چھوڑ گئے۔