لاہور (ویب ڈیسک) معروف صحافی جاوید چوہدری نےتحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا سے سوال کیا کہ جب عمران خان اسٹیج سے گرے تھے تو سابق وزیراعظم نواز شریف ان کی عیادت کے لیے اسپتال گئے تھے۔اب جب کہ بیگم کلثوم نواز کا انتقال ہو چکا ہے اور شریف خاندان پر بہت مشکل وقت ہے تو،
عمران خان ان سے اظہار تعزیت کے لیے جاتی امرا جائیں گے؟۔آپ کو نہیں لگتا کہ اس موقع پر عمران خان کو اپنا دل بڑا کرلینا چاہئیے؟۔جس کا جواب دیتے ہوئے فیصل واڈا کا کہنا تھا کہ یہ ساری باتیں قبل از وقت ہیں کیا پتہ وزیراعظم عمران خانجاتی امرا جانے کا پروگرام بنا رہے ہوں اور کیا پتہ جو ہم سوچ رہے ہیں عمران خان اس سے بڑھ کر کریں۔اور مسلم لیگ ن کے رہنما جو کہہ رہے ہیں کہ کلثوم نواز نے قربانی دی تو میرے خیال سے ایسا نہیں ہے یہ ایک طبعی موت تھی اور ایسی موت ہم سب کو آنی ہیں۔یاد رہے کہ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز گذشتہ روز لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں انتقال کر گئی تھیں۔ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے بے حد افسوس اور دُکھ کا اظہار کیا۔ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی خبر کے بعد حکومت نے بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شریک ہونے کے لیے اڈیالہ جیل میں قید نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ان کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو پیرول پر رہائی دینے کا اعلان کیا تھا۔گذشتہ رات سابق وزیراعظم نواز شریف،، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ابتدائی طور پر 12گھنٹے کے لیے پیرول پر رہائی دی گئی اور تینوں افراد رہائی ملنے کے بعد اڈیالہ جیل سے روانہ ہو گئے ۔ تینوں افراد کو خصوصی طیارے کے ذریعے اڈیالہ جیل سے لاہور میں شریف خاندان کی رہائش گاہ جاتی امرا منتقل کیا گیا ۔