راولپنڈی (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی میں لوکل ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران کی ہدایت پر کراچی میں لوکل ٹرین چلائی جائے گی، ٹرین سروس کا افتتاح صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کریں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ مزدوروں کے لیے عمران خان کا کیا گیا وعدہ پورا ہوگیا، یہ 60 دنوں میں چھٹی ٹرین ہے، 100 دنوں میں 10 ٹرینیں چلانے کا وعدہ پورا کریں گے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میانوالی، لاہور اور سکھر ایکسپریس کے بعد سندھ کا رخ ہے، ٹرین چلانے کا مقصد مزدوروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوکل ٹرین دھابیجی، لانڈھی اورکراچی کے درمیان چلے گی، اگلے مرحلے میں کراچی حیدرآباد شٹل ٹرین ہوگی۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سکھر میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے موہن جو دڑو ایکسپریس کا افتتاح کیا تھا۔ وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 100 روزہ ایجنڈے میں ملک میں ٹرینوں کا جال بچھا دوں گا۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹرین دوڑانے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔ انہوں نے کہا ریل چلے گی تو ملک کی بہتری ہوگی، اسٹینڈرڈ گیج پر فاسٹ ٹرین کو بھی ایم ایل ون پر لانا چاہتے ہیں۔ راولپنڈی میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد این اے 60 کے انتخابات میں اپنے بھتیجے کی الیکشن مہم چلانے سیاسی ناشتے کیلئے گلزار قائد پہنچے اور مرغن ناشتہ نوش کیا۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پہلے ساٹھ باسٹھ ایک ہی حلقہ تھا، راشد شفیق پہلے میئر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں 23 ہزار نوکریاں مانگی تھیں جس میں سے 2 ہزار 31 نوکریوں کی اجازت مل گئی ہے، جلد اشتہار بھی جاری کر دیں گے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا 500 ریلوے اسٹین ہیں اور تمام تر ڈی ایس کو کہہ دیا ہے کہ اسٹیشن پر سٹال بڑھائیں۔ انہوں نے کہا لئی ایکسپریس وے سنگل کوری ڈور اسلام آباد تک جائے گی، میرے ہسپتال میں کام شروع ہوگیا ہے اور ساتھ موجود 50 کنال بھی چیف جسٹس پاکستان نے ہمارے حوالے کر دی ہے۔