اسلام آباد(ایس ایم حسنین)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی منگل کو دو روزہ دورے پر مصر کے شہر قاہرہ پہنچ گئے۔ قاہرہ ہوائی اڈے پر قاہرہ کے اسسٹنٹ فارن منسٹر ایمبیسڈر طارق الوسیمی، پاکستانی سفارتخانہ قاہرہ کے ناظم الامور شاہ نذر خان اور وزارت خارجہ مصر کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ قاہرہ میں دو روزہ دورے کے دوران مصری وزیر خارجہ سامح شکری سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ ء خیال کیا جائے گا۔ وزیرخارجہ قاہرہ میں بزنس کمیونٹی کے ساتھ خصوصی ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ قاہرہ میں عرب لیگ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کریں گے اور سیکرٹری جنرل عرب لیگ سے ملاقات کریں گے۔
https://www.facebook.com/foreignofficepk/videos/1363647797307175/
توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا دورہ مصر دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گا۔ دریں اثنا وزیرخارجہ نے دورے پر روانگی سے قبل اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ مصر امت مسلمہ کا اہم حصہ اور افریقہ کا گیٹ وے ہے،معاشی سفارت کاری کو پیش نظر رکھتے ہوئے، افریقی ممالک کے ساتھ تجارت کا فروغ ہماری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ میں مصری وزیر خارجہ کی دعوت پر مصر کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو رہا ہوں تاکہ اس اہم ملک کے ساتھ روابط کو فروغ دیا جا سکے۔دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کے فروغ کے حوالے سے بے پناہ امکانات موجود ہیں ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ میں مصر کے وزیر خارجہ سے ملاقات کروں گا اور دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ ء خیال کروں گا۔جامعہ الازہر جانے کا ارادہ ہے ہماری خواہش ہے کہ ہم تعلیمی شعبے میں ان کے تجربات سے استفادہ کر سکیں۔مصر میں میری بزنس کمیونٹی سے ملاقات ہو گی اور میڈیا نمائندگان کے ساتھ گفتگو کا موقع بھی میسر آئے گا۔