لاہور(ویب ڈیسک) سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہا ہے یہ بات ٹھیک ہے حکومت کیلئے تحریک انصاف کی تیاری نہیں تھی مگر ان کو فہم بھی نہیں ہے ،یہ فیصلے کے بعد ابتدائی اقدامات کا ادراک نہیں کر سکے ۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’تھنک ٹینک‘‘ میں میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ،
عمران خان کو نہیں پتا کہ انہوں نے کیا کام کرنا ہے اور انہوں نے انتخاب ٹھیک نہیں کیا، جس کی وجہ سے اب ایک خاص صورتحال پیدا ہو گئی ہے ، ہمارا وزیر اطلاعات اتنے دن دبکا رہا اور دلیر ہوگیا ہے ، یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو استعداد سے بڑے دعوے کر تے ہیں۔ انہوں نے کہا دھرنے میں احتساب کا ارادہ تو ہے ، لیکن ارادہ کافی نہیں ہوتا اس کیلئے عزم کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ عزم ہے یا نہیں اگلے ہفتوں میں پتہ لگے گا۔انہوں نے کہا چین پاکستان کو سعودی عرب سے زیادہ مدد دیگا، ان کا طریقہ کار مختلف ہے ، وہ شو آف نہیں کرتے اور نمائش نہیں کرنا چاہتے اور سوچ سمجھ کر فیصلے کرتے ہیں، پاکستان کو چین سے پیسے ، سرمایہ کار ی بھی ملے گی۔تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا تحریک لبیک کے دھرنے میں باقی پاکستان کے علاوہ پنجاب کی بات کی جائے تو یہاں چند چھوٹے چھوٹے گروہ تھے اور آخری روز دھرنا ختم کرنے کے وقت ہزار، گیارہ سو سے زیادہ آدمی نہیں تھے اور ان کے ہاتھوں یرغمال ہو رہے تھے اور اب حکومتی وزرا قوم کی آنکھوں میں دھول ڈال رہے ہیں کہ ہم نے بچاؤ کر لیا۔
انکا کہنا تھا تحریک انصاف اقتدار میں آنے کیلئے پچھلے سالوں میں ہر سازش کا حصہ رہی، اقتدار ان کو مل گیا مگر یہ اس کیلئے تیار بالکل نہیں تھے ، پتا نہیں ان کی ٹیم کس قسم کی ہے ۔ انہوں نے کہا 20 سال کی جدوجہد کا دعویٰ کرنیوالوں کی حکومت کرنے کیلئے بالکل بھی تیاری نہیں تھی، انہوں نے پولیس کو ناکارہ بنا دیا، ان سے تبادلوں کے مسئلے حل نہیں ہوتے ، اس پورے ہنگامے میں آئی جی کی شکل نہیں دیکھی ۔دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت اور تحریک لبیک کے معاہدے پر سب سے بڑی اور اہم بات وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نے کی ، ایسی صورتحال میں پاکستان کی بہت بد نامی ہوتی ہے اب کچھ لائنز ڈرا کر لینی چاہئیں ۔ آج پولیس کی اہلیت کے حوا لے سے انہوں نے کہا لاہور میں پولیس نے ایک ذہنی معذور شخص کو گولی مار کر قتل کر دیا اور اسی کیخلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے ، پولیس کو ٹھیک کرنے کی بات ٹھیک ہے لیکن اب ہمیں ریاست کی رٹ کی بات چھوڑ کر حکومت کی رٹ کی بات کرنی چاہیے کہ اس کا وجود ہے ؟، ایک بحران ختم نہیں اور دوسرا شروع کر دیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہاچین بہت سوچ سمجھ کر فیصلے کرتاہے ، اور ان کا بہت سوچا سمجھا فیصلہ ہے کہ انہوں نے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونا ہے اور سی پیک کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے ۔اسلام آباد میں دنیا نیوز کے بیورو چیف خاور گھمن کا کہنا تھا خدانخواستہ حالات اتنے خراب نہیں کہ کسی تیسرے ملک نے حملہ کر دیا ہے ، اسلام آباد میں تحریک لبیک کے ایک درجن سے زیادہ رہنماؤں کو گرفتار کرلیاگیاہے اور باقی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔کریک ڈاؤن شروع کردیا گیاہے اور آنیوالے دنوں میں صورتحال مزید واضح ہوجائیگی ۔